ویب ڈیسک ; یورپی یونین نے کہا ہے کہ آئندہ چند ماہ کے دوران خطے میں جیٹ فیول کی کسی قسم کی قلت کے آثار نہیں ہیں، تاہم عالمی توانائی بحران اور بڑھتی قیمتوں کے باعث ایئرلائنز کو مالی دباؤ کا سامنا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کے ٹرانسپورٹ کمشنر نے بتایا کہ فی الحال ایوی ایشن فیول کی سپلائی مستحکم ہے اور کسی قسم کے شارٹج کے شواہد موجود نہیں، تاہم صورتحال ایک ملک سے دوسرے ملک اور ایک ایئرلائن سے دوسری ایئرلائن تک مختلف ہو سکتی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث بعض ایئرلائنز غیر منافع بخش روٹس بند کرنے پر مجبور ہو رہی ہیں جبکہ مستقبل میں مسافروں کو کرایوں میں اضافے کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
یورپی یونین کا کہنا ہے کہ خطے میں فی الحال امریکہ اور نائیجیریا سے آنے والی سپلائی نے مشرق وسطیٰ سے ہونے والی کمی کو پورا کیا ہے، جس سے مارکیٹ میں استحکام برقرار ہے۔ تاہم ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر مشرق وسطیٰ میں سپلائی لائن متاثر رہی تو آئندہ دنوں میں صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے، جبکہ عالمی معیشت پر بھی منفی اثرات پڑنے کا خدشہ ہے۔
یورپی حکام کے مطابق اس وقت ہنگامی ذخائر موجود ہیں اور فوری طور پر کسی بڑے بحران کی ضرورت نہیں، تاہم صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔