وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا مزار بی بی پاکدامن کادورہ

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی رامے: وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے مزار بی بی پاکدامن کادورہ کیا۔ محسن نقوی نے مزار پر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی۔  

تفصیلات کے مطابق محسن نقوی نے مزار کی تزئین و آرائش اور توسیعی منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا اورتعمیراتی سرگرمیوں کامعائنہ کیا۔ محسن نقوی نے بی بی پاکدامن کے مزار کے زیر تعمیر گنبد، وضو خانے اوردیگر حصوں کامشاہدہ کیا۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب نے رات کو کام کرنے والے ورکرز سے ملاقات کی اورانہیں شاباش دی۔ انہوں نے تعمیراتی کاموں کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور تعمیراتی کام کو محرم الحرام سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ 
محسن نقوی نے کہا کہ مزار کے تعمیراتی کاموں میں اعلی معیار کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔ زائرین کی سہولت کیلئے مزار بی بی پاکدامن کے توسیعی منصوبے کو محرم الحرام سے قبل مکمل ہونا چاہیے۔

محسن نقوی نے اراضی مالکان کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق معاوضے کی ادائیگیوں کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے زائرین کیلئے سہولتیں بہتر بنانے کے لئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔  
محسن نقوی نے کہا کہ توسیعی منصوبے کی تکمیل سے زائرین کیلئے سہولتوں میں اضافہ ہوگا۔ راستہ کشادہ ہونے سے زائرین کو آمدورفت میں آسانی ہوگی۔

سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے مزار بی بی پاکدامن کے توسیعی منصوبے پر پیش رفت کے بارے میں وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے پر دن رات کام جاری ہے۔ مزار بی بی پاکدامن کی تزئین و آرائش اورتوسیعی منصوبے کو مقرر ہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔  مزار کی جانب آنے والے راستے کوکشادہ کیا جا رہاہے۔ 

واضح رہے  کہ صوبائی وزراء عامر میر،اظفر علی ناصر،سیکرٹریزتعمیرات و مواصلات، اوقاف،سی سی پی او لاہور،کمشنر لاہورڈویژن،ڈپٹی کمشنر لاہور اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔