ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ میں معروف یوٹیوبر رجب علی بٹ کے وکیل میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ کے لائسنس کی معطلی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت عالیہ نے پنجاب بار کونسل سے میاں علی اشفاق کے لائسنس معطلی سے متعلق مکمل ریکارڈ طلب کرتے ہوئے مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی۔
جسٹس ملک محمد اویس خالد نے میاں علی اشفاق ایڈوکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔میاں علی اشفاق نے پنجاب بار کونسل کی جانب سے اپنے لائسنس کی معطلی کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے شاہ زیب مسعود ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ عدالت نے کراچی بار کو فریق بنانے سے متعلق دائر متفرق درخواست بھی منظور کر لی۔
درخواست گزار میاں علی اشفاق ایڈوکیٹ کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈسپلنری کمیٹی کے پاس لائسنس معطل کرنے کا اختیار نہیں تھا اور معاملہ ٹربیونل کو بھجوانا چاہیے تھا۔ وکیل نے مزید کہا کہ پنجاب بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے درخواست گزار کو سنے بغیر ایک ہی دن میں کارروائی مکمل کرتے ہوئے لائسنس معطل کر دیا، جو قانونی تقاضوں اور انصاف کے اصولوں کے خلاف ہے۔جسٹس ملک محمد اویس خالد نے ریمارکس دیے کہ آئین کے آرٹیکل دس اے کے تحت کسی شخص کو سنے بغیر اس کے خلاف کارروائی کیسے کی جا سکتی ہے۔؟ عدالت نے مزید استفسار کیا کہ کون سا قانون ہے جس کے تحت چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی لائسنس معطل کر سکتا ہے، قانون بتا دیا جائے۔
دوسری جانب پنجاب بار کونسل کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میاں علی اشفاق کا لائسنس قانونی تقاضوں کے مطابق معطل کیا گیا ہے اور ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل کو لائسنس معطلی کا اختیار حاصل ہے۔ وکیل پنجاب بار کونسل نے مزید مؤقف اپنایا کہ درخواست گزار کے پاس پنجاب بار کونسل کے فیصلے کے خلاف پاکستان بار کونسل میں 30 روز کے اندر اپیل دائر کرنے کا قانونی حق موجود ہے۔سماعت کے دوران میاں علی اشفاق کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ کیس میں ابتدائی ریلیف دیتے ہوئے لائسنس معطلی کا حکم معطل کیا جائے اور فوری طور پر لائسنس بحال کیا جائے، تاہم عدالت نے یہ استدعا مسترد کر دی۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ پنجاب بار کونسل کا مؤقف سنے بغیر لائسنس معطلی سے متعلق کوئی عبوری حکم جاری نہیں کیا جا سکتا۔ دورانِ سماعت عدالت نے ہدایت کی کہ وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل یا ان کا نامزد نمائندہ لائسنس معطلی سے متعلق مکمل ریکارڈ عدالت میں پیش کرے۔ عدالت نے پنجاب بار کونسل سے میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ کے لائسنس معطلی کا مکمل ریکارڈ طلب کرتے ہوئے مزید سماعت چھ جنوری تک ملتوی کر دی۔
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App