ویب ڈیسک: دنیا بھر میں مقبول ترین مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس جسے پہلے ٹوئٹر کے نام سے جانا جاتا تھا، اس کے چند صارفین کے بلیو ٹک واپس آگئے ہیں۔
ایکس کے مالک ایلون مسک نے 2022 میں ٹوئٹر کو 44 بلین ڈالرز میں خریدا تھا جس کے بعد اس میں کئی بڑی تبدیلیاں کی گئیں جس پر اس ویب سائٹ کو کڑی تنقید کا سامنا بھی رہا۔ان ہی میں سے ایک یہ تبدیلی تھی کہ ایلون مسک نے ایکس پر بلیو ٹک لینے کی فیس مقرر کردی تھی، یعنی جو صارفین چاہتے تھے کہ ان کا اکاؤنٹ ویریفائیڈ (مصدقہ) ہو، انہیں رقم ادا کرنی ہوتی ہے۔لیکن اب ایکس نے اچانک ہی کچھ صارفین کے بلیو ٹک مفت میں بحال کردیے جسے دیکھ کر صارفین کی خوشی کی انتہا نہ رہی۔
ایکس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق مفت سبسکرپشن ایکس کے انفلوئنشل صارفین کو دی گئی ہے، وہ صارفین جن کے ایکس پر زیادہ فالوورز ہیں انہیں فری ویریفیکیشن فراہم کردی گئی ہے۔ایکس کے مطابق ان تمام اکاؤنٹس کو کمپلیمینٹری یعنی مفت سبسکرپشن ختم کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ ایلون مسک نے کچھ روز قبل یہ اعلان کیا تھا کہ 2500 سبسکرائبرز رکھنے والے پیڈ اکاؤنٹس کو مفت میں پریمیئم فیچرز مل سکیں گے۔اس کے علاوہ 5000 سبسکرائبرز رکھنے والے پیڈ اکاؤنٹس کو پریمیئم پلس فیچرز مفت ملیں گے۔