شاہد ندیم سپرا:شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں بجلی کی اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق بجلی چوری کی شرح کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں 2 سے 3 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔
بجلی تقسیم کار کمپنی لیسکو نے 125 میگاواٹ لوڈ کے مطابق لوڈشیڈنگ کا آغاز کیا ہے۔ کمپنی کے سسٹم پر بجلی کی طلب 2080 میگاواٹ تک ریکارڈ کی گئی، جبکہ ریجنل پاور کنٹرول سینٹر کی جانب سے فراہمی 2100 میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے۔
حیران کن طور پر طلب سے زائد بجلی دستیاب ہونے کے باوجود لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ لوڈشیڈنگ وزارت پاور ڈویژن کی ہدایات کی روشنی میں کی جا رہی ہے، جس کے تحت بجلی چوری کی روک تھام کے لیے مخصوص علاقوں میں شیڈول نافذ کیا گیا ہے۔