وقاص احمد: شادباغ کے علاقے میں ایک نوجوان پر مبینہ تشدد کے واقعے کے بعد پولیس نے متاثرہ شخص کی اہلیہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ شادباغ تھانے میں درج کیا گیا ہے۔ واقعے کے حوالے سے ایف آئی آر میں متاثرہ نوجوان بلال کی اہلیہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ موتا چنے والا چاہ میراں کے علاقے میں ناشتے کے لیے گئی تھیں۔
مدعیہ کے مطابق جیسے ہی ان کے شوہر دکان کے اندر داخل ہوئے، 5 سے 6 افراد نے انہیں اچانک پکڑ لیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان نے نوجوان کو ایک کمرے میں منتقل کیا جہاں مبینہ طور پر اس پر تشدد کیا گیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔
واقعے کے بعد شاد باغ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور ملزمان کی شناخت و گرفتاری کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔