شہر میں وارداتوں کا سلسلہ جاری، پولیس خاموش تماشائی

شہر میں وارداتوں کا سلسلہ جاری، پولیس خاموش تماشائی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( فہد علی ) مصری شاہ تھانے کی حدود میں جیولری کی دکان سے چور پانچ لاکھ مالیت کے زیورات کا صفایا کرگیا، سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آنے کے باوجود پولیس ملزم کو گرفتار نہ کرسکی۔

شہر میں امن و امان کی خراب صورتحال، قتل و غارت گری، اغوا برائے تاوان، خواتین و بچوں کے ساتھ زیادتی و اغوا، ڈکیتی و چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں اور سرعام فائرنگ جیسے جرائم میں خطرناک حد تک اضافے نے امن پسند شہریوں کی نیندیں حرام کر رکھی ہیں جبکہ سیف سٹی کے کیمرے، ڈولفن، پولیس رسپانس یونٹ سمیت درجنوں دیگر فورسز کی موجودگی بھی بے سود ہے۔

مصری شاہ تھانے کی حدود سوامی نگر بازار میں جیولری کی دکان میں چوری کی واردات ہوئی جس کی سی سی ٹی فوٹیج منظر عام پر آچکی ہے۔ سٹی فورٹی ٹو کو موصول ہونے والی فوٹیج میں موٹر سائیکل سوار ملزم کو ریکی کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ملزم بڑھے آرام سے دکان میں داخل ہوتا ہے۔ متاثرہ دکاندار جنید کا کہنا تھا کہ وہ نماز پڑھنے گیا تو جب واپس آیا تو دکان کا تالا ٹوٹا ہوا تھا اور پانچ لاکھ مالیت کے زیورات غائب تھے۔

مصری شاہ تھانے میں واقع کا مقدمہ تو درج کر لیا گیا ہے مگر سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آنے کے باوجود ابھی تک ملزم گرفتار نہیں ہوسکا۔ متاثرہ شہری  نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو گرفتار کر کے چوری شدہ مال برآمد کروایا جائے۔

دوسری جانب شہر میں منشیات کا کاروبار تیزی سے بڑھتا چلا جا رہا ہے اور منشیات فروش سرعام یہ گھنونا دھندہ کررہے ہیں۔ پولیس کے مطابق انھیں اطلاع ملی کہ ساندہ کے علاقے میں منشیات فروشی کا کاروبار کیا جا رہا ہے جس پر پولیس نے مخبر کی نشاندہی پر ملزم خالد کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے ایک کلو سے زائد چرس برآمد کی گئی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ دوران تفتیش ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ وہ شہر بھر میں منشیات فروشی کا کاروبار کرتا تھا۔ ملزم خالد کو حراست میں لے کر منشیات فروشی کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔