طلحہ اشرف:سلامت پور، داتا پارک اور باٹا پور سب ڈویژن کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 18 گھنٹوں سے بجلی کی طویل بندش کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں گزشتہ چار روز سے وولٹیج میں مسلسل کمی بیشی بھی جاری ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کم اور زیادہ وولٹیج کے باعث گھروں میں نصب برقی آلات خراب ہو رہے ہیں، جس سے انہیں مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
شہریوں نے الزام عائد کیا کہ متعدد شکایات کے باوجود متعلقہ عملہ مؤثر کارروائی نہیں کر رہا، جس کے باعث بجلی کی فراہمی تاحال بحال نہیں ہو سکی۔
متاثرہ افراد نے بجلی کی 18 گھنٹے سے جاری بندش پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔