طلحہ اشرف:لاہور میں بسنت کے تہوار کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، شہر کے مختلف علاقوں میں پتنگ اور گڈی ڈور کی خریداری عروج پر ہے۔
موچی گیٹ میں گڈی ڈور کی خرید و فروخت کا سلسلہ جاری ہے، تاہم مہنگی قیمتوں کے باعث شہریوں کے شکوے بڑھتے جا رہے ہیں۔
دکانداروں کے مطابق اڈا پونا گڈا 200 روپے جبکہ تاوا گڈا 400 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح ڈیڑھ تاوا گڈا 800 روپے میں دستیاب ہے، جبکہ 2 پیس ڈور کا پنا 18 ہزار روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے، جو عام شہری کی پہنچ سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بسنت کا تہوار بھی اب صرف امیروں تک محدود ہو کر رہ گیا ہے، مہنگی گڈی ڈور اور پتنگوں کی قیمتوں نے متوسط اور غریب طبقے کو اس روایتی تہوار سے دور کر دیا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ قیمتوں کو کنٹرول کرے تاکہ ہر طبقے کے لوگ بسنت کی خوشیوں میں شامل ہو سکیں۔