(عمر اسلم ) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کینسر سے بچاؤ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت پنجاب کینسر کے مریضوں کی تشخیص، علاج اور مفت ادویات کی فراہمی کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف نے کہا کہ کینسر سے بچاؤ کے لئے موثر آگاہی کی ضرورت ہے، اس موذی مرض کی ابتدائی سطح پر تشخیص ہو جائے تو اس کا مناسب علاج ممکن ہے۔ حکومت پنجاب کینسر کے مریضوں کی تشخیص، علاج اور مفت ادویات کی فراہمی کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے۔ کوشش ہے کہ کینسر کا کوئی مستحق مریض مفت ادویات کی فراہمی سے محروم نہ رہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ دن منانے کا مقصد عوام میں جان لیوا مرض کینسر سے آگاہی اور اس سے بچاؤ سے متعلق شعور پیدا کرنا ہے۔ احتیاطی تدابیر اور بہتر غذا کے استعمال سے اس مرض سے بچاؤ ممکن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صحت عامہ کی سہولتوں میں بہتری ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وہ اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ کینسر میں مبتلا مریضوں کے مفت علاج کے سلسلے میں مزید مربوط انداز سے کام کیا جائے گا۔