راؤ دلشاد حسین: وہ شاہکار آگیاجسکا تھا انتظار، میٹروپولیٹن کارپوریشن کے شہر میں ماڈل ریڑھی بازار لگانے کے منصوبے کا آغاز ،گارڈن ٹاؤن برکت مارکیٹ میں پائلٹ پروجیکٹ کے تحت شہر کا پہلا ماڈل ریڑھی بازار فعال کردیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق برکت مارکیٹ میں پائلٹ پروجیکٹ کے تحت رنگ برنگی ریڑھیاں لگائی گئی ہیں۔شہر کے تیرہ مقامات پر ایسے ماڈل ریڑھی بازاروں کےقیام کےلیےمیٹروپولیٹن کارپوریشن نے شہر کے 44 ہزار 487 ریڑھی بانوں کاڈیٹا اخوت فاؤنڈیشن کو فراہم کردیا۔
چیف کارپوریشن آفیسر شوکت علی کےمطابق ماڈل ریڑھی بازاروں کے قیام سے شہر میں جگہ جگہ ریڑھی بازاروں کا خاتمہ ہوگا،بے ہنگم ریڑھی بازاروں کی وجہ سے تجاوزات کا مسئلہ درپیش ہے،جو ماڈل ریڑھی بازاروں کےقیام سے کافی حد تک حل ہو جائےگا۔
سی ای او سنرجی عنبرین سپرا کہتی ہیں کہ ایک ریڑھی 50 ہزار روپے میں تیار ہوگی۔ ماڈل ریڑھی بازار کے مقام کاانتخاب ایم سی ایل جبکہ ریڑھی بان کا انتخاب اخوت فاؤنڈیشن کرے گی۔ فروٹ، سبزی، ڈرنکس اور کھانےپینے کی چار کیٹیگریز بنائی گئی ہیں۔
شہریوں کا کہناہے کہ جگہ جگہ ریڑھیاں لگانے سے ٹریفک کی روانی اور صفائی کا مسئلہ رہتاتھا،اگر ماڈل ریڑھی بازار لگ جائیں تو ممکن ہے ٹریفک کی روانی بہتر ہوسکے۔
پانچ ہزار ماڈل ریڑھیاں مارکیٹنگ کمپنی سنرجی فراہم کرے گی، ریڑھی بانوں کا انتخاب اخوت فاؤنڈیشن کرے گی ،جس ریڑھی بان کو قرض کی ضرورت ہوگی اخوت فاؤنڈیشن قرض فراہم کرےگی۔ پہلا ماڈل بازار تو لگایا گیالیکن 44 ہزار سے زاید ریڑھی بانوں کو تیرہ مقامات پر اکٹھا کرنا شکل ہدف ہوگا۔