فاران یامین: راوی روڈ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پتنگیں تیار کرنے والے ایک گودام پر چھاپہ مار کر 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی سٹی کے مطابق راوی روڈ پولیس نے پتنگ سازی اور فروخت میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔
ایس پی سٹی نے بتایا کہ ایس ایچ او میاں عاصم نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی ک۔ اُنہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان حکومتی پابندی کے باوجود پتنگ سازی اور اس کی خرید و فروخت کے دھندے میں ملوث تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی ایک ہزار تیار پتنگیں، 7 ممنوعہ ڈور کی چرخیاں اور 700 سے زائد پتنگیں تیار کرنے کے لیے خام مال برآمد کیا گیا۔ علاوہ ازیں 600 گڈی پیپر، 400 بانس اور پتنگ سازی میں استعمال ہونے والا دیگر سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔