ایشیا کپ کی رونقیں لاہور میں سجنے کو تیار، بنگلہ دیش اور افغانستان مدمقابل ہونگے

ایشیا کپ کی رونقیں لاہور میں سجنے کو تیار، بنگلہ دیش اور افغانستان مدمقابل ہونگے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مانیٹرنگ ڈیسک: ایشیا کپ کی رونقیں آج لاہور میں سجیں گی،پہلے میچ میں شکست خوردہ بنگلہ دیشی ٹیم بہتر بیٹنگ پلان سے کم بیک کی کوشش کرے گی۔

ایشیا کپ کا لاہور میں پہلا مقابلہ اتوار کو بنگلہ دیش اور افغانستان کے درمیان ہوگا، مقابلے کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئیں، سخت حفاظتی حصار قائم ہے، دونوں ٹیموں نے گذشتہ روز اچھی پریکٹس کرلی، پالے کیلی میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں فلاپ بیٹنگ شو کے بعد بنگال ٹائیگرز قذافی اسٹیڈیم کی اچھی کنڈیشنز میں کارکردگی بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔

اوپنرز محمد نائم اور کیریئر کا دوسرا میچ کھیلنے والے تنزید حسن دباؤ میں ہوں گے،ٹیم کے واحد ان فارم بیٹر نجم الحسن شانتو ایک بار پھر امیدوں کا محور ہیں،کپتان شکیب الحسن، توحید ہری دوئے اور مشفیق الرحیم کو بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرنا ہوگی،اسپنرز شکیب الحسن اور مہدی حسن ٹرمپ کارڈ ثابت ہوسکتے ہیں، پیسرز تسکین احمد، شریف الاسلام اور مستفیض الرحمان بھی وکٹیں اڑانے کیلیے کوشاں ہوں گے۔

دوسری جانب افغان ٹیم سری لنکا میں پاکستان سے سیریز کے تینوں میچز ہارگئی تھی مگر انفرادی طور پر چند کرکٹرز نے متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا،رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران اچھی فارم میں ہیں،کپتان حشمت اللہ شاہدی سے بھی جارحانہ بیٹنگ کی توقعات وابستہ ہوں گی،راشد خان اور محمد نبی آل راؤنڈ کارکردگی سے فتح کی راہ ہموار کرسکتے ہیں۔

مجیب الرحمان نے پاکستان کیخلاف تیسرے ون ڈے میں 37 گیندوں پر 64رنز بناکر ثابت کیا کہ وہ اسپن بولنگ ہی نہیں بیٹنگ میں بھی خطرناک ثابت ہونے کے اہل ہیں،فضل حق فاروقی اور فرید احمد پیس بولر کے طور پر امیدوں کا مرکز ہوں گے مگر دونوں کی کارکردگی میں تسلسل نہیں ہے،بنگلہ دیشی بیٹرز تیزی سے رنز بنانے کیلیے دونوں کو نشانے پر رکھنے کا سوچ رہے ہوں گے۔