سٹی 42: خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے سرحدی علاقے دانہ سر میں پیش آنے والے المناک مسافر بس حادثے میں کم از کم 40 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہو گئے۔ معاون وزیراعلیٰ بلوچستان برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تصدیق کرتے ہوئے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
شاہد رند کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر فوری امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ وزیراعلیٰ کے اسٹاف افسر سید امین نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کیا، جس کے بعد ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کا شکار بس میں اپنے مسافروں کے علاوہ ایک خراب ہونے والی دوسری مسافر بس کے مسافر بھی سوار تھے، جس کے باعث گاڑی میں گنجائش سے زیادہ افراد موجود تھے۔
معاون وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے حادثے کی وجوہات کا جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ جاں بحق افراد کی شناخت، زخمیوں کے علاج اور متاثرہ خاندانوں کی معاونت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
شاہد رند نے کہا کہ حکومت بلوچستان اس المناک سانحے پر متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے، زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کی جا رہی ہے اور حادثے کی مکمل تحقیقات کے بعد حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔