سٹی 42 : وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی ہدایت پر این ڈی ایم اے نے 100 ٹن کی پہلی امدادی کھیپ فلسطین بھجوانے کی تیاری مکمل کرلی ، پہلی امدادی پرواز آج شام اسلام آباد ائیرپورٹ سے روانہ ہو گی۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چئیرمن این ڈی ایم اے لیفٹنینٹ جنرل انعام حیدر ملک امدادی سامان کی روانگی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ اس موقع پر 100 ٹن امدادی سامان خصوصی پرواز کے ذریعے عمان، اردن پہنچے گا۔
این ڈی ایم اے خصوصی پروازوں کے ذریعے کل 200 ٹن امدادی سامان فلسطین بھجوائے گا۔ امدادی کھیپ غذائی اشیاء اور ادویات پر مشتمل ہے ۔ پاکستان کی جانب سے غزہ و فلسطین کیلئے 17 امدادی کھیپ ہے، جو آج روانہ کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے اب تک مجموعی طور پر 1 ہزار 715 ٹن امداد فلسطین بھجوا چکا ہے۔