(ویب ڈیسک )ڈرائی فروٹ کی افادیت سے سبھی واقف ہیں اگر بات کریں مونگ پھلی کی تو اس کے طبی فوائد جان کر عقل دنگ رہ جائے گی۔
ایک تحقیق میں میں کہا گیا ہے کہ اگر روزانہ مونگ پھلی کے پانچ دانے کھائے جائیں تو خون کےلوتھڑے بننے اور فالج کے اثرات و خطرات میں 20 فیصد تک کمی واقع ہوسکتی ہے جبکہ دل کی نالیوں کی تنگی کا خطرہ 13 فیصد تک کم ہوسکتا ہے۔ مونگ پھلی کی تھوڑی سی مقدار بھی بہت مفید ثابت ہوسکتی ہے۔
غذائی ماہرین کے مطابق گرم تاثیر رکھنے کے سبب مونگ پھلی کا استعمال سردیوں میں ضرور کرنا چاہیے، مونگ پھلی میں اہم غذائی اجزا بڑی مقدار میں پائے جاتے ہیں جیسے کہ پروٹین، نیاسین، فولیٹ، فائبر، میگنیشیم، وٹامن ای، میگنیز جو مجموعی صحت پر مثبت طور پر اثر انداز ہوتے ہیں۔
مونگ پھلی کے ایک سو گرام میں 567 کیلوریز پائی جاتی ہیں، اسی طرح وٹامنز اور منرلز کے لحاظ سے اس میں 0 ملی گرام کولسیٹرول، 20 فیصد سوڈیم، 36 فیصد ڈائیٹری فائبر، 52 فیصد پروٹین، 4 گرام شوگر، 5 فیصد کاربوہائیڈرایٹس اور 25 فیصد آئرن، 15 فیصد وٹامن بی 6 جبکہ 42 فیصد میگنیشیم پایا جاتا ہے ۔
مونگ پھلی میں لال اور سفید گوشت، انڈے اور سبزیوں کے مقابلے میں زیادہ مقدار میں پروٹین پایا جاتا ہے۔ مونگ پھلی میں موجود کیلشیم، وٹامن ڈی انسانی جسم کی ہڈیوں اور دانتوں کو مضبوط بناتا ہے۔
سائنسی تحقیق کے مطابق مونگ پھلی میں پائی جانے والی قدرتی چکناہٹ انسانی صحت، جلد اور بالوں کے لیے انتہائی مفید ہے اور خوبصورتی میں اضافہ کرتی ہے اور بار بار نخنوں کے ٹوٹنے کی شکایت سے بھی بچاتی ہے۔