سٹی 42 :پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز سے نیدرلینڈز کی پاکستان میں سفیر ہینی ڈی ویریس کی ملاقات ہوئی ۔ ملاقات میں معروف ڈچ ہاکی لیجنڈ فلورِس یان بوویلینڈر، پاکستانی فٹبالر کائنات بخاری بھی شریک ہوئے۔
ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی فلاح پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس کے علاوہ کھیلوں کے فروغ اور اس کے ذریعے عوامی روابط کے قیام پر خصوصی گفتگو ہوئی ۔ ملاقات میں ڈچ ہاکی لیجنڈ فلورِس یان بوویلینڈر، پاکستانی نژاد ڈچ فٹبالر کائنات بخاری کی بھرپور پذیرائی کی۔
مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے مابین دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں، پاکستان نیدرلینڈز کے باہمی تعلقات وقت کے ساتھ مزید گہرے اور وسیع ہوئے ہیں، ڈچ ہاکی لیجنڈ کی موجودگی پنجاب کے باصلاحیت نوجوانوں کے لیے حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی طور پر پاک نیدرلینڈ تعلقات تجارت، زراعت، تعلیم اور استعداد کار میں قابلِ قدر فروغ کا باعث بنے ہیں، سیاسی، اقتصادی، ثقافتی اور کھیلوں سمیت تمام شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم 2.3 ارب ڈالر تک پہنچنا قابل اطمینان ہے، پاک نیدر لینڈ کے مابین معاشی تعاون کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں، ہاکی اور کرکٹ جیسے کھیل پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان مشترکہ جذبے کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلورِس یان بوویلینڈر کا لاہور میں نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرنا قومی کھیل ہاکی کو مزید تقویت بخشے گا، کائنات بخاری نوجوان لڑکیوں کے لیے رول ماڈل قرار دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ بطور پہلی خاتون وزیراعلیٰ، خواتین کی شمولیت اور قیادت کو فروغ دینا میری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہاکہ کھیلتا پنجاب”پروگرام سے حکومت پنجاب کھیلوں کی سہولیات کو ضلع،تحصیل اور گاؤں کی سطح پر فروغ دے رہی ہے ، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔