قیصر کھوکھر: حکومتِ پنجاب نے صوبے بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع کرتے ہوئے کھلی فضا میں ڈرون اُڑانے پر عائد پابندی کو مزید 30 روز کے لیے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر آؤٹ ڈور ڈرون استعمال پر پابندی میں توسیع کی گئی ہے، جبکہ یہ اقدام ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144(6) کے تحت کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں کھلی فضا میں ڈرون کے استعمال پر مکمل پابندی برقرار رہے گی، تاہم ہالز اور مارکیز کے اندر ہونے والی تقریبات میں چھوٹے ڈرون کے محدود استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔ ان اندرونی تقریبات میں ڈرون کے محفوظ استعمال کی مکمل ذمہ داری منتظمین پر عائد ہوگی۔
محکمہ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
مزید کہا گیا ہے کہ پنجاب بھر کی انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ دفعہ 144 کے تحت عائد پابندیوں پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔