ویب ڈیسک: پنجاب کے 20 صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن نے پی ٹی آئی کے تمام ڈی سیٹ ہونے والے اراکین کو ضمنی انتخابات میں ٹکٹ دینے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلی پنجاب نے صوبائی وزراء عطاء اللہ تارڑ اور سردار اویس لغاری سمیت دیگر کو ضمنی انتخابات کی حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کر دی، وزیراعلی کی ہدایت پر صوبائی وزراء نے ترین گروپ سے رابطے شروع کر دیئے ہیں جبکہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن نے ترین گروپ کو مکمل حمایت کی یقین دہانی بھی کرادی ہے۔
صوبائی وزراء نے ڈی سیٹ ہونے والے ترین گروپ کے اراکین کو حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی گھڑی میں ساتھ دینے والوں تنہاء نہیں چھوڑیں گے، ضمنی انتخابات والے حلقوں میں پاکستان پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی مقامی قیادت بھرپور تعاون کریں گی، پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی ترین گروپ کے کسی امیدوار کے مقابل اپنا امیدوار کھڑا نہیں کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ترین گروپ نے ن لیگ کی ٹکٹ پر ضمنی انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے پر مشاورت شروع کردی ہے، ترین گروپ کا علیحدہ تشخص برقرار رکھتے ہوئے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے پر غور کیا جا رہا ہے، حتمی فیصلہ گروپ کے سربراہ جہانگیر ترین کریں گے، حتمی فیصلے سے قبل ترین گروپ وزیر اعلی پنجاب سے ملاقات بھی کرے گا۔