طیب سیف: پی آئی اے نے لاہور اور مانچسٹر کے درمیان براہِ راست پروازوں کا آغاز کر دیا ہے، افتتاحی فلائٹ پی کے 709 لاہور سے مانچسٹر کے لیے روانہ ہوئی۔
لاہور ایئرپورٹ پر اس موقع پر سادہ مگر پروقار افتتاحی تقریب منعقد کی گئی، جس میں کیک کاٹا گیا۔ پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر خرم مشتاق نے افتتاحی پرواز کے مسافروں کو الوداع کیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق اس نئی سروس سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان فضائی رابطوں کو مزید فروغ ملے گا۔ مسافروں نے لاہور اور مانچسٹر کے درمیان براہِ راست پروازوں کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے خوش آئند قرار دیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اس سے قبل مانچسٹر سے لاہور کی پہلی پرواز گزشتہ رات روانہ ہوئی تھی، جسے مانچسٹر ایئرپورٹ پر پی آئی اے کی مقامی انتظامیہ اور ایئرپورٹ حکام نے رخصت کیا۔
اس نئی پرواز کے آغاز کے بعد پی آئی اے کی پاکستان اور مانچسٹر کے درمیان ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 5ہو گئی ہے، جن میں 4پروازیں اسلام آباد جبکہ ایک ہفتہ وار پرواز لاہور سے آپریٹ کی جائے گی۔
حکام کے مطابق یہ توسیع بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے سفری سہولتوں میں اہم اضافہ ثابت ہوگی۔