ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب میں صنعتی زمین سستی دینےکادور ختم، نئی لیز پالیسی تیار

پنجاب میں صنعتی زمین سستی دینےکادور ختم، نئی لیز پالیسی تیار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 علی رامے:  پنجاب میں صنعتی زمین سستے داموں دینے کا دور ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے تحت نئی لیز پالیسی تیار کر لی گئی ہے۔

 ذرائع کے مطابق اس پالیسی کا مقصد زمین کی اصل ویلیو کے مطابق قیمتوں کا تعین، سنجیدہ سرمایہ کاری کا فروغ اور برآمدات میں اضافہ ہے۔

نئی پالیسی کے تحت صنعتی اسٹیٹس میں فی ایکڑ لیز ریٹ 43 ہزار روپے سے بڑھا کر 1 لاکھ 25 ہزار روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ لیز ریٹ میں ہر سال 5 فیصد اضافہ ہوگا اور پرانا رعایتی طریقہ کار ختم کر دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ سرمایہ کاروں کے لیے دو سال میں فی ایکڑ 15 لاکھ ڈالر سرمایہ کاری کی شرط لازمی قرار دی گئی ہے۔

پالیسی کے مطابق زمین الاٹ ہونے کے 6 ماہ کے اندر تعمیر کا آغاز اور 24 ماہ میں فیکٹری کا فعال ہونا لازم ہوگا۔ برآمدات پر مبنی صنعتوں کے لیے خصوصی مراعات بھی تجویز کی گئی ہیں، جن کے تحت 80 فیصد برآمد کرنے والوں کو خصوصی لیز ریٹ دیا جائے گا، جبکہ 50 فیصد برآمدات پر 40 فیصد رعایت ملے گی، تاہم لیز ریٹ ایک لاکھ روپے فی ایکڑ سے کم نہیں ہوگا۔

ذرائع کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاری اور گرین انڈسٹری کے لیے اضافی رعایتیں دی جائیں گی، جبکہ کم ترقی یافتہ اضلاع میں صنعت لگانے پر 20 فیصد کمی کی تجویز بھی شامل ہے۔ زمین کی الاٹمنٹ “پہلے آئیں، پہلے پائیں” کی بنیاد پر کی جائے گی، جبکہ 20 فیصد پلاٹس سرکاری سطح کی غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے مختص کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق نئی پالیسی سے 71 ارب روپے کی فوری اور 251 ارب روپے کی مستقبل میں آمدن متوقع ہے۔ پالیسی کی منظوری کے بعد اسے خصوصی اقتصادی زون (SEZ) قانون کے تحت نافذ کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس نئی صنعتی لیز پالیسی سے غیر فعال پلاٹس کا خاتمہ، برآمدات میں اضافہ اور صوبے میں پائیدار صنعتی ترقی ممکن ہو سکے گی۔