احمد رضا: قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر اور بیٹر محمد رضوان کا کہنا ہے کہ بیٹنگ آرڈر کے بدلنے سے مشکل پیش آتی ہے لیکن پروفیشنل ہونے کے ناطے سے کھیلنا پڑتا ہے، میں چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرنا چاہتا ہوں۔
تفصیلات کےمطابق نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے بقیہ 3 میچز سے پہلے محمد رضوان کا کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف غلطیوں کو بھلا کر کھیلیں گے، نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے، کراچی کی وکٹ اور کنڈیشن مختلف ہے، اس کو سمجھ کر پلان بنائیں گے، بیٹنگ آرڈر کے بدلنے سے مشکل پیش آتی ہے لیکن پروفیشنل ہونے کے ناطے سے کھیلنا پڑتا ہے۔
محمد رضوان کا مزید کہنا ہے کہ چوتھی پوزیشن پر کھیلنا چاہتا ہوں، پانچ نمبر بیٹنگ آرڈر سے خوش نہیں ہوں، کپتان اور کوچ کے کہنے پر کھیلتا ہوں، آج تک کسی سے کوئی شکوہ نہیں، پندرہ سولہ سال سے قربانی دے رہا ہوں، آئندہ بھی تیار ہوں، نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 میچ میں سنگل لینے کے فیصلے کی غلطی تھی، کیویز کے خلاف ٹی 20 میچ اور سیریز جیت جاتے تو اتنے سوال نہ ہوتے۔