اسرار خان : فیروز پور روڈ پر تیز رفتار بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس نے بس ڈرائیور کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی ۔
ترجمان سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق حادثہ گجومتہ یوٹرن کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار بس نے موٹر سائیکل کو پیچھے سے ٹکر دے ماری، حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار دو افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جنکی موقع پر شناخت نہ ہو سکی۔ ڈیوٹی پر موجود سٹی ٹریفک پولیس کے اہلکاروں نے بس ڈرائیور کے فرار کی کوشش ناکام بناتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا ۔
ترجمان سٹی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار بس ڈرائیور کی شناخت عثمان غنی کے نام سے ہوئی، جو چونیاں ضلع قصور کا رہائشی نکلا۔
دوسری جانب پولیس نے متوفین کی میتیں مردہ خانہ منتقل کر کے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین اور گرفتار بس ڈرائیور کے بیانات اور جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کی مدد سے حادثہ کی مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کی جا رہی ہیں ۔