فریحہ بتول: بی آر بی نہر کے قریب واڑہ کے علاقے میں افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں دو نوجوان موٹر سائیکل سمیت نہر میں جا گرے۔
عینی شاہدین کے مطابق موٹر سائیکل کا توازن بگڑنے کے باعث دونوں نوجوان نہر میں گر گئے۔ واقعے کے بعد وہ مدد کے لیے پکارتے رہے، تاہم فوری طور پر کوئی مدد نہ پہنچ سکی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو اہلکار کشتیوں اور دیگر جدید آلات کی مدد سے گزشتہ 4 گھنٹوں سے سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل کو نہر سے نکال لیا گیا ہے، تاہم دونوں نوجوانوں کی تلاش ابھی تک جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک دونوں افراد کو تلاش نہیں کر لیا جاتا۔