(راؤ دلشاد، فاران یامین) میٹروپولیٹن کارپوریشن نے محفوظ بسنت کی اجازت دینے کیلئے قرارداد منظور کرلی۔ کارپوریشن کے 14ویں اجلاس میں 27 قراردادیں منظور کی گئی، اجلاس کے دوران اپوزیشن اور لیگی ممبران کی ایک دوسرے کیخلاف نعرے بازی بھی جاری رہی۔
تفصیلات کے مطابق کارپوریشن کا اجلاس سپیکر مہر محمود احمد کی صدارت میں 50 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا جس میں 13 ویں اجلاس کی کارروائی کی توثیق کی گئی۔ چیئرمین یونین کونسل 92 چودھری طارق محمود اور بلدیاتی نمائندوں نے بسنت کے حق میں کھل کر دلائل دئیے۔ بلدیاتی نمائندے پتنگ ساتھ لیکر آئے محفوظ بسنت منانے، زینب قتل کیس کے ملزمان کو سخت سزا دینے، گٹر میں گر کر بچوں کی ہلاکت کے واقعات کی روک تھام، بھکاریوں اور انکے سہولت کاروں کا پتہ لگانے اور بھکاریوں کا ڈیٹا مرتب کرنیکا، چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی چیئرپرسن کو ہاؤس میں طلب کرنے، سیلف ڈیفنس ایجوکیشن کو سلیبس میں شامل کرنے، پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والوں کیخلاف مذمتی قرار دادوں سمیت 27 قراردادیں منظور کرلی گئیں۔ قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے کمیٹی کی تشکیل اور اوس کمیٹیوں کی تشکیل کو بھی فوری یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔