ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

چودھری شجاعت کا کراچی کی حالت زار پر وزیراعظم کو مشورہ

چودھری شجاعت کا کراچی کی حالت زار پر وزیراعظم کو مشورہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( علی اکبر ) صدر مسلم لیگ ق چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ میری تجویز ہے کہ وزیر اعظم خود کراچی میں ایک ہفتہ رہیں، کراچی کے ہر مسئلے کو خود مانیٹر کریں اور ہدایات جاری کریں۔

مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کراچی کی حالت زار پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کئی ادوار گزرے، کئی لوگ اقتدار میں آئے اور چلے گئے لیکن کراچی ہمیشہ سیاسی بیان بازی کی نظر ہوجاتا ہے۔ کراچی میں تمام بڑی سیاسی جماعتوں کی حکومت رہی ہے، مگر افسوس ایک دوسرے پر الزام تراشی کے سوا کچھ نہیں کیا گیا۔ 

انہوں نے کہا کہ صفائی کے مسئلے کو اجاگر تو کیا گیا لیکن عملی طور پر شہر کی صفائی کی بجائے اپنی صفائی کو اہمیت دی گئی، یہاں پر اختیارات کا مطلب صرف پیسے ہیں۔ شہر کے مسائل کو درست کرنے کیلئے آج تک کوئی کام نہیں کیا گیا۔جس کو صفائی کا موقع دیا جاتا ہے تو سب اپنی صفائی پیش کرنے لگ جاتے ہیں۔ 

چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ میری تجویز ہے کہ وزیراعظم خود کراچی میں ایک ہفتہ رہیں اور کراچی کے ہر مسئلے کو خود مانیٹر کریں اور ہدایات جاری کریں، اپنی سوچ کے مطابق وقت کا تعین کریں اور اس دن دوبارہ جائیں اور دیکھیں کہ ان کے احکامات پر عمل ہوا ہے یا نہیں۔ ہر سال کراچی ڈوب جاتا ہے لیکن بیانات صرف یہی آتے ہیں کہ فلاں نے کراچی کو ڈبو دیا۔ 

انہوں نے کہا کہ کراچی کا مسئلہ اختیارات کا نہیں بلکہ انتظامی امور کے متعلق پالیسی بنانا ہے، اس کیلئے صاحب اقتدار لوگ صرف بیانات نہ دیں بلکہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مرضی شامل کریں اور سارے لوگ اپنی اپنی تجاویز دیں تاکہ کراچی میں جو بھی مسئلہ ہو اسے فوری حل کیا جائے اور گندگی پھیلانے والوں کا بھی سدباب کیا جائے۔

چودھری شجاعت حسین کا مزید کہنا تھا کہ ارجنٹائن کے وزیراعظم کی مثال سب کے سامنے ہے کہ وہ صفائی والے کپڑے پہن کر گلیوں میں صفائی کرتی تھی جبکہ وہ یہ بھی کہہ سکتی تھیں کہ یہ میرا کام نہیں۔ یہاں جب کچھ نہ بن پڑے تو وزیراعظم کو تجویز دی جاتی ہے کہ آپ جھاڑو پھیرنے والا کام فوج سے کروائیں۔