طلحہ اشرف: شہر میں گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث شہری ٹھنڈک حاصل کرنے کے لیے نہروں کا رخ کرنے لگے ہیں۔ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے سے موسم انتہائی گرم اور حبس زدہ ہو گیا ہے، جس نے معمولاتِ زندگی کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔
شدید گرمی کے باعث نہروں اور آبی مقامات پر شہریوں کا رش بڑھ گیا ہے، تاہم انتظامیہ نے نہروں میں نہانے سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایسا کرنا جان لیوا حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گرمی سے بچاؤ کے لیے محفوظ طریقے اختیار کریں، غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور نہروں میں نہانے سے اجتناب کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شدید گرمی کے پیش نظر بجلی اور پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو موسم کی شدت کے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔