(شہزاد خان ابدالی)پنجاب کی گندم آٹا مارکیٹ بے قابو ہو گئی،پنجاب میں نجی گندم کی فی من قیمت4450 روپے تک جا پہنچی جس سے 15 کلو کا نجی آٹا تھیلا1850 روپے سے1900 روپے تک فروخت ہونے لگا، نجی آٹا مہنگا ہونے سے سرکاری آٹا کی طلب میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا۔
نجی گندم کی بلند ہوتی قیمتوں نے فلورملز کیلئے نجی آٹا کی تیاری کو مشکل بنا دیا جس کیوجہ سے بعض ملز کا نجی گرائنڈنگ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس وقت لاہور میں گندم کی قیمت4350 روپے، اسلام آباد میں4450 روپے ،رحیم یار خان میں4280 روپے ہے ۔
پنجاب میں سرکاری آٹا کو ریفائن کرنے والا مافیا روزانہ ہزاروں تھیلے خیبر پختونخوا سمگل کر رہا ہے اور پشاور کیلئے لاہور سے آٹا تھیلا خریداری کا نرخ2400 روپے ہو گیا،با اثر مافیا محکمہ خوراک کو بلیک میل کرنے لگا۔
رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والے سب سے بڑے گروہ نے محکمہ خوراک کے خلاف اینٹی کرپشن میں درخواست دے دی ،خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے چند با اثر سیاسی افراد اور فلورمل مالکان کے سمگلنگ میں مبینہ ملوث ہونے کی تحقیقات جاری ہیں ۔