ویب ڈیسک: فرانس کے جنوب مغربی علاقوں میں جنگلاتی آگ نے تباہی مچا دی، جس کے باعث اب تک ایک لاکھ 97 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ حکام نے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شدید گرمی اور تیز ہواؤں کے باعث آگ تیزی سے پھیل رہی ہے، جس نے سیاحتی مقام کیپ فیرے (Cap Ferret) سمیت متعدد علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے صورت حال سے نمٹنے کے لیے فوج کو بھی امدادی کارروائیوں میں شامل کر دیا ہے۔
متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ آگ کی شدت اور دھوئیں کے باعث انہیں راتوں رات گھر چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا، جبکہ بورڈو میں قائم عارضی امدادی مراکز میں سیکڑوں افراد نے پناہ لے رکھی ہے۔ مقامی رہائشیوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ایسے تباہ کن جنگلاتی واقعات مستقبل میں مزید بڑھ سکتے ہیں۔