(سٹی 42) بندر کہنے پر رکشہ ڈرائیورز نے کلمہ چوک پر شدید احتجاج کیا، ٹریفک پولیس،ایل ٹی سی اور ضلعی انتظامیہ کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ چیئرمین رکشہ یونین نے سی ٹی او کو بڑی دھمکی دیدی۔
تفصیلات کے مطابق رکشہ یونین ایک بار پھر سڑکوں پر نکل آئی، کلمہ چوک پر سینکڑوں رکشے کھڑے کرکے سی ٹی او کے خلاف احتجاج کیا، ٹریفک پولیس، ایل ٹی سی اورضلعی انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی بھی کی۔ رکشہ ڈرائیورز کے احتجاج کے باعث کلمہ چوک پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایل ٹی سی اور ٹریفک پولیس بے جا چالان کر رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ روڈ پر پارکنگ کا مناسب انتظام کیوں نہیں کرتی۔
چیئرمین رکشہ یونین مجید غوری نے کہا کہ سی ٹی او نے ٹی وی پررکشہ ڈرائیورز کو بندروں سے تشبیہہ دی، سی ٹی او 24 گھنٹوں میں معافی مانگ لیں، ورنہ سی ٹی او آفس کے باہراحتجاج کریں گے۔ مجید غوری نے چیف جسٹس سے کارروائی کی درخواست کرنے کی دھمکی بھی دی۔