(قذافی بٹ)تین اور اراکین اسمبلی جہانگیر ترین گروپ میں آگئے، جھنگ اور راولپنڈی کے اراکین کی جہانگیر ترین سے ملاقات ، مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرادی۔
تفصیل کے مطابق پی ٹی آئی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کے گروپ میں 3 اور اراکین شامل ہوگئے ہیں۔ جھنگ سے تحریک انصاف کے ایم این ایز صاحبزاده محبوب سلطان اور صاحبزادہ امیر سلطان نے جہانگیر ترین سے ملاقات کی۔ جبکہ راولپنڈی سے پنجاب اسمبلی کے رکن تنویر بٹ نے جہانگیر ترین سے ملاقات کی۔ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے اراکین اسمبلی نے کہا جہانگیر ترین کی تحریک انصاف کیلئے گراں قدر خدمات ہیں، ہماری تمام تر حمایت جہانگیر ترین کیساتھ ہے، انہوں نے کہا مل کر پارٹی کے اندر جاری سازش کا مقابلہ کریں گے۔
مزید پڑھئے: جہانگیر ترین کیمپ میں اہم رکن قومی اسمبلی شامل
دوسری جانب گورنر پنجاب چوہدری سرور سے جہانگیر ترین گروپ کے اہم رہنماوں نے ملاقات کی اور اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا، گورنر پنجاب سے ملاقات کرنے والوں میں راجا ریاض، صوبائی وزرااجمل چیمہ اور خیال احمد کاستروسمیت دیگر شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب نے رہنماوں کو یقین دہانی کرائی کہ آپ کے جو بھی تحفظات ہیں ان کو دور کیا جائے گا اور عمران خان سے آپ سب کی ملاقات جلد یقینی بنانے کے لیے کردار ادا کروں گا۔
واضح رہے کہ قبل ازیں لالہ موسی سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سید فیض الحسن شاہ بھی جہانگیر ترین کیمپ میں شامل ہوچکے ہیں، رکن قومی اسمبلی نے جہانگیر ترین کی پارٹی کے لیے بے پناہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جہانگیر ترین کے خلاف جاری سازش کو ناکام بنانے کے لیے میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے اپیل کی کہ جہانگیر ترین کے خلاف جاری کردار کشی مہم کا فوری نوٹس لیں۔