طاہر جمیل:ستھرا پنجاب ایجنسی کی جانب سے لاہور کی مختلف مویشی منڈیوں میں صفائی کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق شاہ پور کانجراں، سگیاں، رائیونڈ اور کاہنہ بکر منڈیوں میں صفائی آپریشن جاری ہے، جبکہ پیراگون اور اڈا رکھ چبیل بکر منڈیوں میں بھی تینوں شفٹوں میں عملہ متحرک ہے۔
صفائی آپریشن میں 50 سے زائد ورکرز اور 23 سے زائد مشینری یونٹس تعینات کیے گئے ہیں۔ گرین ویسٹ کو ٹھکانے لگانے کے لیے 11 آرم رولرز، 6 پک اپس اور 6 لوڈرز استعمال کیے جا رہے ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ منڈیوں سے ویسٹ کی بروقت منتقلی کے لیے 30 ہینڈ کارٹس اور 35 کنٹینرز بھی نصب کیے گئے ہیں۔ داخلی و خارجی راستوں پر واٹر باؤزرز کی مدد سے پانی کا چھڑکاؤ بھی جاری ہے تاکہ گرد و غبار پر قابو پایا جا سکے۔
انتظامیہ کے مطابق چھ مختلف منڈیوں میں عوامی آگاہی کے لیے خصوصی کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو صفائی کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی جا سکے۔