لاہور میں جزوی لاک ڈاؤن کو ایک ماہ مکمل

لاہور میں جزوی لاک ڈاؤن کو ایک ماہ مکمل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی 42) کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے تحت لاہور سمیت پنجاب بھر میں جاری جزوی لاک ڈاؤن کو ایک ماہ مکمل ہوگیا، تمام شاپنگ مالز، مارکیٹیں، تعلیمی ادارے، سینما گھر، شادی ہالز، سیاحتی مقامات اور پارکس بند ہیں، میڈ یکل اسٹورز، کھانے پینے کی دکانیں کھلی ہیں، کچھ دنوں سے الیکٹریشن اور سپیئر پارٹس کی دکانیں بھی کھول دی گئی ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید نے کہا ہے کہ ایک ماہ میں قانون شکن عناصر کیخلاف 2 ہزار 69 ایف آئی آرز درج ہوئیں، ایک لاکھ 85 ہزار سے زائد شہریوں کو روکا اور نقل و حرکت کی وجہ پوچھی گئی، 1 لاکھ 65 ہزار سے زائد گاڑی مالکان سے سفر کی وجہ پوچھی گئی، غیر ضروری نقل وحرکت پر 1 لاکھ 76 ہزارشہریوں کو گھر بھیجا گیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ 24 مارچ سے جاری لاک ڈاؤن کے دوران 6 ہزار 853 گاڑیوں، موٹر سائیکلوں کو خلاف ورزی پر بند کیا گیا، 93 ہزار 694 موٹر سائیکلوں، 24 ہزار 628 رکشوں کی چیکنگ کی گئی، 8 ہزار 764 بڑی گاڑیوں کو چیک کیا گیا۔

دوسری جانب لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد  شہر سے 173  پولیس ناکے ختم کر دیئے گئے۔سی سی پی او  لاہورکا کہنا ہے کہ شہر میں لاک ڈاؤن کے آغاز کے دوران 229 ناکے لگائے گئے تھے، لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد لاہور میں 173 ناکے ختم کردیئے گئے، اس وقت شہر میں مجموعی طور پر 56 ناکے موجود ہیں، ناکوں میں کمی ماہ رمضان کی سکیورٹی کو مدنظررکھ کر کی گئی،  ناکوں سے نفری کو ہٹا کر رمضان ڈیوٹیوں پر تعینات کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں  حکومت کی جانب سے 15 اپریل کو جاری ہونے والے لاک ڈاؤن میں نرمی کے  نوٹیفکیشن میں ابہام ہونے پر لاہور پولیس نے دفعہ144 کے تحت کارروائیاں بھی روک دیں۔جزوی لاک ڈاؤن میں نرمی کی وجہ سے شہریوں کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئی، سماجی فاصلے میں احتیاط کو بھی نظر انداز کیا جانے لگا، ناکوں میں کمی کے بعد شہری خریدوفروخت کیلئے خریداری مراکز پہنچ گئے، مارکیٹوں میں گہما گہمی ہے اور کئی دکانیں بھی کھل گئیں۔

واضح رہےکہ 15 مارچ کو لاہور میں کورونا کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد پنجاب حکومت نے اس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے24 مارچ کو  لاہور سمیت پنجاب بھر میں  14 روز کیلئے لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا۔بعدازاں 6 اپریل کو کورونا وائرس کیسز میں اضافے کو دیکھتے ہوئے  پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن میں14 اپریل تک توسیع کردی تھی،15 اپریل کو   پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن میں  مزید توسیع کی تھی جس کی مدت کل رات 12 بجے ختم ہوجائے گی۔

Sughra Afzal

Content Writer