ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کورونا سے بچاؤ کیلئے محکمہ ہیلتھ کا اہم اقدام

کورونا سے بچاؤ کیلئے محکمہ ہیلتھ کا اہم اقدام
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

بسام سلطان: صوبے میں کورونا ویکسی نیشن مہم کے پیش نظر منیجمنٹ کمیٹیاں قائم کرنے کے احکامات، کمیٹیاں ڈپٹی کمشنر کے ماتحت کام کریں گی۔ سیکرٹری ہیلتھ کیپٹن (ر) عثمان کے مطابق دوسرے مرحلے میں 65 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن ہوگی۔

صوبہ بھر میں کورونا ویکسی نیشن مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ویکسین منیجمنٹ کمیٹیاں قائم کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) محمد عثمان نے انتظامیہ کو خط لکھ دیا۔ خط کے مطابق ویکسین منیجمنٹ کمیٹی متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر کے ماتحت کام کر رہی ہیں۔ فروری میں رجسٹرڈ ہیلتھ کیئر ورکرز کیلئے ویکسین لگانے کی باقاعدہ مہم کا آغا ز کیا گیا تھا۔

کیپٹن (ر) محمد عثمان کا مزید کہنا تھا کہ ہیلتھ کیئر ورکرز کو ویکسین لگانے  کا عمل بروقت مکمل کرنے کیلئے ویکسین منیجمنٹ کمیٹیوں کی نگرانی کی ضرورت پیش آئی ہے۔ دوسرے مرحلے میں 65 سال سے زائد عمر کے افراد کی کورونا ویکسی نیشن کا با قاعدہ آغاز مارچ سے ہوگا۔ 

کورونا ویکسین کے تمام مراحل کو کامیاب اور موثر بنانے کیلئے ویکسین منیجمنٹ کمیٹیاں کڑی نگرانی کریں گی۔ کیپٹن (ر) محمد عثمان کے مطابق پنجاب ای پی آئی پروگرام صوبہ بھر میں کورونا ویکسین کیلئے ویکسینیٹرز کی تربیت کا انتظام بھی کرے گا۔ 

دوسری جانب گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مہلک وائرس کی زد میں آ کر شہر کے 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ شہر میں کورونا کا شکار ہونیوالے 16 افراد کی حالت تشویشناک ہے، وینٹی لیٹرز پر طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ شہر کے ہسپتالوں میں 263 کورونا کی تصدیق شدہ مریض زیر اعلاج ہیں۔

176سرکاری جبکہ 87 کو نجی ہسپتالوں میں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ 112 افراد آئی سی یو جبکہ 16 افراد وینٹی لیٹرز پر زیرعلاج ہیں۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں میو میں 3، جناح ہسپتال میں1، ڈاکٹرز ہسپتال میں 1 جبکہ یونیورسٹی آف لاہور میں 1 شہری وائرس کی زد میں آ کر جاں بحق ہوا۔