فلور ملز ایسوسی ایشن نےمکمل ہڑتال کا اعلان کردیا

 فلور ملز ایسوسی ایشن نےمکمل ہڑتال کا اعلان کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سعود بٹ) ایک بار پھر آٹا بحران پیدا ہونے کا خدشہ، حکومتی چھاپوں کے خلاف فلور ملز ایسوسی ایشن نےمکمل ہڑتال کا اعلان کردیا۔
حکومتی رویہ کے خلاف فلور ملز ایسوسی ایشن نے شادمان میں واقع مرکزی دفتر میں پریس کانفرس کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر چیئرمین پنجاب عبد الرؤف مختار نے کہاکہ رواں ماہ فوڈ ڈیپارٹمنٹ کے چوکیدار سے لیکر افسران تک کورشوت دے کر گندم فلور ملز پر پہنچی۔فلور ملز کی گاڑیوں کو جبراً رکوا کر حکومت نے گندم اپنے سینٹرز پر اتروائی، گندم قبضے میں لے کر ایسے خبر نشر کرواتے ہیں جیسے کشمیر فتح کرلیا ہوا۔عبدالرئوف مختار نے غیر معینہ مدت کیلئے فلور ملز کی مکمل ہڑتال کا اعلان کیا۔
مرکزی چیئرمین عاصم رضا کا کہنا تھا کہ حکومت نے سرگودھا، ڈی جی خان اور ملتان سمیت دیگر اضلاع میں چھاپے مار کر ہماری تذلیل کی،ہڑتال میں بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی فلور ملز بھی ہمارے ساتھ ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اندازے کے مطابق شہر میں ایک سے دو روز کاآٹا میسر ہے جس کے بعد آٹے کا بحران پیدا ہو جائے گا۔

فلور ملز ایسوسی ایشن کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ ملتان کی ضلعی انتظامیہ کی کارروائیوں کی وجہ سے ہڑتال کرنا پڑی،سیکٹری فوڈ اور ڈائریکٹر فوڈ کا رویہ قابل مذمت ہے ،اب معاملہ وزیراعظم اوروزیر اعلیٰ کے سپرد ہے.

یاد رہے اس سے قبل محکمہ خوراک پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کے صوبہ بھر میں فلور ملز پر چھاپوں کے خلاف پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے پنجاب کی تمام فلور ملیں بند کرنے کا اعلان کر دیا۔

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین عاصم رضا نے کہا ہے کہ محکمہ خوراک نے 72 گھنٹے پسائی کیلئے گندم ملوں میں رکھنے کی اجازت دی تھی، ملز کے پاس 48 گھنٹے کی گندم بھی موجود نہیں ہے، انتظامیہ گندم خریداری میں بدترین ناکامی کے بعد اب ملز میں موجود گندم جبری طور پر اٹھا رہی ہے جو کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔

Malik Sultan Awan

Content Writer