ویب ڈیسک : وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مڈل کلاس طبقے کیلئے بہترین سولر پلان کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شہری اپنے ماہانہ بجلی کے بل کے برابر ہی قسط ادا کر کے سولر سسٹم لگوا سکیں گے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا مڈل کلاس طبقے کو بجلی کے بھاری بلوں سے مستقل نجات دلانے کے لیے ایک بہترین اور تاریخی ‘سولر قسط پلان’ تیار کیا ہے۔سید مراد علی شاہ کا بتانا تھا کہ پلان کے تحت شہری اپنے ماہانہ بجلی کے بل کے برابر ہی قسط ادا کر کے سولر سسٹم لگوا سکیں گے، جیسے اگر کسی کا ماہانہ بجلی کا بل 25 ہزار روپے آتا ہے تو وہ سولر لگوا کر ماہانہ 25 ہزار روپے ہی قسط ادا کرے گا۔انھوں نے کہا کہ اگلے 3 سے 4 سالوں میں جیسے ہی یہ قسطیں پوری ہوں گی، وہ بجلی کے بلوں سے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے آزاد ہو جائے گا۔
پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کے دوران وزیرِ اعلیٰ کا کہنا تھا کہ مڈل کلاس طبقے کو ریلیف دینے کے لیے سستے قرضوں کی خصوصی اسکیم اور کراچی میں ‘سندھ انٹرنیشنل فنانشل سینٹر’ قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر اب سندھ حکومت چھوٹی اسکیموں سے نکل کر میگا پروجیکٹس پر کام کر رہی ہے، جس کے تحت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے ‘کیٹی بندر پورٹ’ کا عظیم الشان منصوبہ بنایا جا رہا ہے جس کے لیے صدر زرداری نے چین سے باقاعدہ بات چیت بھی مکمل کر لی ہے۔