کمیونٹی کالجوں کے پرنسپلز کی ٹریننگ التواء کا شکار

کمیونٹی کالجوں کے پرنسپلز کی ٹریننگ التواء کا شکار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( اکمل سومرو ) پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے کمیونٹی کالجوں میں مستقل پرنسپلز کی تقرریاں نہ ہونے پر ٹریننگ پروگرامز کروانے سے انکار کر دیا، حکومت نے ٹریننگ کیلئے ڈیڑھ کروڑ کے فنڈز جاری کیے ہیں۔    

لاہور سمیت پنجاب کے کمیونٹی کالجوں کے پرنسپلز اور کوآرڈنیٹرز کی ٹریننگ التواء کا شکار ہے۔ محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے مستقل پرنسپلز کی تقرریاں نہ ہونے کی بناء پر پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے ٹریننگ پروگرام شروع کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ کمیشن نے کمیونٹی کالجوں میں مستقل پرنسپلز کی تقرریوں تک ٹریننگ شروع نہ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس ضمن میں چیئرپرسن پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر فضل احمد خالد کی جانب سے لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ٹریننگ کا مقصد کیمونٹی کالجوں میں معیار تعلیم کو بڑھانا ہے اور اس کیلئے عالمی شہرت یافتہ ادارہ پرنسپلز کی ٹریننگ کروائے گا ٹریننگ مکمل کرنے والے پرنسپلز اور کوآرڈنیٹرز سے دور رس نتائج حاصل کرنا ضروری ہے۔

مراسلے کے مطابق حکومت نے کالج پرنسپلز اور کوآرڈنیٹرز کی ٹریننگ کیلئے ایک کروڑ 51 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کیے ہیں۔ کمیشن کی جانب سے مستقل پرنسپلز کیلئے 50 سال سے کم عمر پروفیسرز کی تعیناتی کی سفارش کی گئی ہے جبکہ سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن نے کہا ہے کہ کمیونٹی کالجوں میں پرنسپل کو کم از کم پانچ سال کی مدت کیلئے تعینات کیا جائے۔