موٹروے سکواڈ اور نئی آپریشنل ٹیم بائیک سکواڈ کا افتتاح

موٹروے سکواڈ اور نئی آپریشنل ٹیم بائیک سکواڈ کا افتتاح
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (علی اکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے فوڈ اتھارٹی کے موٹر وے سکواڈ، نئی آپریشنل ٹیم بائیک سکواڈ اور صوبہ بھر میں لیکٹو سکین مشینوں کی فراہمی، فری ملک ٹیسٹنگ و باڈی کیم سرویلنس سسٹم کا افتتاح کر دیا۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے خوراک کے عالمی دن کے موقع پر شہریوں کو معیاری خوراک کی فراہمی کیلئے 5 بڑے نئے اقدامات کا افتتاح کردیا، پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے وزیر اعلیٰ آفس میں تقریب ہوئی۔ عثمان بزدار نے لیکٹو سکین مشین، باڈی کیمروں، موبائل ملک ٹیسٹنگ لیبارٹری اور بائیک سکواڈ کی موٹر سائیکلوں کا معائنہ کیا اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے شہریوں کو معیاری خوراک کی فراہمی کیلئے کیے گئے اقدامات کو سراہا، ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عرفان میمن نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ ورلڈ فوڈ ڈے پر حکومت پنجاب نے شہریوں کو محفوظ خوراک فراہم کرنے کیلئے بڑے اقدامات کا آغاز کیا ہے، لاہور، اسلام آباد موٹر وے پر فوڈ پوائنٹس کی نگرانی کیلئے پہلی بار موٹروے سکواڈ تشکیل دیا گیا ہے اور فوڈ اتھارٹی موٹروے سکواڈ سکھیکی، سیال موڑ، بھیرہ، کلر کہاراور چکری ریسٹ ایریاز میں قائم فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کرے گا اور ملاوٹ کرنیوالے عناصر کیخلاف کارروائی کرے گا۔

 انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے تحت معیاری دودھ کی فراہمی کے لیے 36اضلاع میں جدید لیکٹو سکین مشینیں فراہم کر دی گئی ہیں، لیکٹو سکین مشینوں کی مدد سے دودھ کے معیار کو چیک کرنے لیے فوری ٹیسٹ کیا جا سکے گا، لیکٹو سکین مشینیں دودھ میں کی جانے والی ہر قسم کی ملاوٹ کو چیک کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ جدید باڈی کیمروں کی مدد سے فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کی سرویلنس کا آغاز کیا گیا ہے، اشیاء خوردونوش کو چیک کرنے والی ٹیموں کی اب نگرانی کی جاسکے گی۔ باڈی کیمروں کی مدد سے ٹیموں کی لائیو آڈیو، ویڈیو نگرانی کیساتھ ساتھ لوکیشن کی بھی مانیٹرنگ کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ ملاوٹ سے پاک محفوظ خوراک کی فراہمی کیلئے صوبہ بھر میں فری ملک ٹیسٹنگ کا آغاز کر دیا گیا، 200ملی لیٹردودھ کا نمونہ بمعہ شناختی کارڈ لائیں اور فوری رزلٹ حاصل کریں۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو حفظان صحت کے مطابق معیاری خوراک مہیا کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف مہم بلاامتیاز جاری رہے گی، عوام کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائیں گے، ملاوٹ مافیاکو انسانی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان، چیف سیکرٹری، چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی عمر تنویر بٹ، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ، سیکرٹری اطلاعات اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔

Sughra Afzal

Content Writer