من پسند جانوروں کی خریداری کیلئے موبائل ایپ لانچ

من پسند جانوروں کی خریداری کیلئے موبائل ایپ لانچ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( اکمل سومرو ) حکومت نے قربانی کے جانور خریدنے کیلئے موبائل ایپ لانچ کردی، ایپ سے شہری عیدالاضحیٰ کیلئے گھر بیٹھے قربانی کے من پسند جانور خرید سکتے ہیں۔

پنجاب بھر میں قربانی کے جانوروں کی آن لائن خرید و فروخت کیلئے بکرمنڈی آن لائن موبائل ایپ متعارف کروا دی گئی ہے۔ موبائل ایپ حکومت پنجاب اور کمشنر لاہور کی ہدایت پر پنجاب آئی ٹی بورڈ اور لاہور کیٹل مارکیٹنگ کمپنی نے وضع کی ہے۔ ایپ سے شہری عیدالاضحیٰ کیلئے گھر بیٹھے قربانی کے من پسند جانورخرید سکتے ہیں۔

ایپ کورونا پھیلاؤ میں کمی لانے اور بکرمنڈیوں میں رش کم کرنے کے پیش نظر وضع کی گئی۔ ایپ میں جانوروں کی تصاویر، عمر، وزن، اقسام، نسل، قیمت اور دیگر تفصیلات موجود ہیں۔ بکر منڈی ایپ میں جانوروں کی خرید و فروخت ایپ میں اکاؤنٹ بنا کرکی جا سکتی ہے۔

بکر منڈی موبائل ایپ کے ذریعے جانور فروخت کرنے کی سہولت بھی دی گئی ہے۔ خریدار کیلئے اکاؤنٹ بنانے کیلئے نام اور موبائل جبکہ فروخت کیلئے شناختی کارڈ نمبر لکھنا بھی لازمی ہے۔  

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کا شہر کے مختلف علاقوں میں غیرقانونی مویشی سیل پوائنٹس کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاون ذیشان نصراللہ رانجھا نے پی آئی اے روڈ حاکم چوک پر کارروائی کی جہاں چھ غیر قانونی مویشی سیل پوائنٹس کو بند کروا دیا گیا۔ کارروائی میں تمام ٹینس کو آگ لگا دی گئی جبکہ بارہ بکرے بھی ضبط کر لیے گئے۔

اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان رانجھا کا کہنا ہے کہ متعدد وارننگ کے باوجود یہاں پر مویشی سیل پوائنٹ لگائے گئے جس پر کارروائی کرتے ہوئے ٹینٹ کو جلا دیا گیاجبکہ 12 بکروں کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا شہر میں کسی صورت رہائشی علاقوں میں غیر قانونی مویشی منڈیاں نہیں لگنے دیں گے ۔