ویب ڈیسک: مسلم لیگ ن کے رہنما ایازصادق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے 9 ارکان نے رابطہ کر کے کہا وہ ایوان میں واپس آنا چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایاز صادق نے قومی اسمبلی میں آج ہونے والے اجلاس کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے 2014 میں اجتماعی استعفے جمع کرائے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے استعفے قبول نہ کرنے پر مجھ پر تنقید کی، میں نے قانون اور قائدے کے تحت فیصلہ کیا، پی ٹی آئی کے 9 ارکان نے رابطہ کر کے کہا وہ ایوان میں واپس آنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے بلانے پر پی ٹی آئی ارکان نے استعفوں کی تصدیق نہیں کی، پی ٹی آئی ارکان اب بھی رابطہ کر رہے ہیں کہ ان سے زبردستی استعفے لیے گئے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ محمد آصف نے قومی اسمبلی میں آج ہونے والے اجلاس کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ راجہ پرویز اشرف صاحب نے وزیر اعظم کے طور پر بہترین وقت گزارا۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے اسپیکر اپنی غیر جانبداری کو یقینی بنائیں گے، یہ ایوان قانون اور آئین کا احترام کرے گا تو تمام ادارے احترام کریں گے، پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر پر تشدد کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پرویز الہٰی اور عمران خان نے پنجاب اسمبلی کے تقدس کو پامال کیا، گزشتہ چار سال میں بڑھتے تشدد کے رجحان کو روکنا ہوگا، اس ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی ہوگی تو ہی تشدد کا رجحام ختم ہوگا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ محمد آصف نے مزید کہا کہ پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر پر تشدد کی مذمت کرتے ہیں، اس ایوان کو ڈپٹی اسپیکر پر تشدد کی مذمت کرنی چاہیئے، پرویز الہٰی نے گجرات کے غنڈے پنجاب اسمبلی میں بھرتی کئے ہیں۔