(ویب ڈیسک)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پنجاب کے 8 اضلاع سے تعلق رکھنے والی خواتین کیلئے جونیئر ایگزیکٹو (ڈیٹا انٹری آپریٹر) کی آسامیوں کا اعلان کردیا ہے، ان آسامیوں کیلئے واک اِن ٹیسٹ اور انٹرویوز سرگودھا میں منعقد ہوں گے، جبکہ ٹیسٹ اور انٹرویو کا مرحلہ 29 ستمبر سے 2 اکتوبر 2026 تک جاری رہے گا۔
یہ بھرتیاں فیصل آباد، چنیوٹ، جھنگ، حافظ آباد، سرگودھا، میانوالی، خوشاب اور بھکر کے اضلاع کیلئے کی جارہی ہیں، صرف وہ خواتین امیدوار ان ٹیسٹوں میں حصہ لے سکیں گی جن کے شناختی کارڈ یا ڈومیسائل پر متعلقہ ضلع کا پتہ درج ہوگا، تعلیمی قابلیت انٹرمیڈیٹ یا اس کے مساوی مقرر کی گئی ہے، جبکہ متعلقہ شعبے میں کم از کم ایک سال کا تجربہ رکھنے والی امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی۔
نادرا کے مطابق امیدواروں کی زیادہ سے زیادہ عمر 25 سال ہونی چاہیے، جس میں 5 سال کی عمومی عمر میں رعایت پہلے ہی شامل ہے، لہٰذا مزید کوئی رعایت نہیں دی جائے گی، تاہم اقلیتی برادری اور معذور خواتین کو بھی بھرتی کے عمل میں بھرپور حصہ لینے کی ترغیب دی گئی ہے۔
آسامیوں کی ضلع وار تفصیل کے مطابق فیصل آباد کے ستیانہ، امین پور اور رام دیوالی کیلئے 3، چنیوٹ کے احمد نگر کیلئے 2، جھنگ کے 18 ہزاری اور شورکوٹ کیلئے 2، حافظ آباد کے کسوکی، ونیکے تارڑ، کالیکی، جلال پور بھٹیاں اور سکھیکی کیلئے 5، سرگودھا کے کوٹ مومن، فاروقہ، سی ایف ایس سی اور سلانوالی کیلئے 5، میانوالی کے کوٹ چاندنہ، میانوالی، چکرالہ اور بن حافظ جی کیلئے 4، خوشاب کے جوہرآباد کیلئے ایک جبکہ بھکر کے مٹھا ٹوانہ، بہل، دلے والا اور منکیرہ کیلئے 4 آسامیاں مختص کی گئی ہیں۔
فیصل آباد، چنیوٹ اور جھنگ کی امیدواروں کا ٹیسٹ 29 ستمبر اور انٹرویو 30 ستمبر کو ہوگا۔ حافظ آباد اور سرگودھا کا ٹیسٹ 30 ستمبر جبکہ انٹرویو یکم اکتوبر کو ہوگا، میانوالی، خوشاب اور بھکر کی امیدواروں کا ٹیسٹ یکم اکتوبر اور انٹرویو 2 اکتوبر کو لیا جائے گا، ٹیسٹ کیلئے رجسٹریشن صبح 8:30 بجے سے دوپہر ایک بجے تک جبکہ انٹرویوز صبح 9 بجے شروع ہوں گے۔
صرف ٹیسٹ پاس کرنے والی شارٹ لسٹ امیدواروں کو انٹرویو کیلئے بلایا جائے گا، تمام ٹیسٹ اور انٹرویوز نادرا کے ریجنل ہیڈ آفس، 6-گلشن ایونیو، لنک پی اے ایف روڈ، سرگودھا میں ہوں گے، امیدواروں کو ٹیسٹ والے دن اپنے اصل ذاتی، تعلیمی اور پیشہ ورانہ دستاویزات ساتھ لانے ہوں گے، جبکہ سرکاری اور نیم سرکاری ملازمین کیلئے این او سی پیش کرنا لازمی ہوگا۔
انٹرویو کے موقع پر متعلقہ بورڈز سے تصدیق شدہ تعلیمی اسناد پیش کرنا بھی ضروری ہوگا، منتخب امیدواروں کو بعد ازاں میڈیکل فٹنس اور کریکٹر سرٹیفکیٹ جمع کرانا ہوگا، جبکہ کسی بھی مرحلے پر غلط معلومات فراہم کرنے کی صورت میں امیدوار کو نااہل قرار دیا جائے گا، مزید تفصیلات نادرا کے کیریئرز پورٹل کے ڈاؤن لوڈز سیکشن میں دستیاب ہیں، جہاں نمونہ ٹیسٹ بھی موجود ہے۔
نادرا ملک کا اہم ادارہ ہے جو شہریوں کے کوائف کو محفوظ اور منظم رکھنے کی ذمہ داری انجام دیتا ہے، حالیہ برسوں میں خواتین شہریوں کی جانب سے نادرا دفاتر میں خواتین عملے کی کمی کے باعث بعض اوقات ہچکچاہٹ کا اظہار کیا جاتا رہا ہے، اسی مسئلے کے حل اور مقامی سطح پر خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے نادرا نے نچلی سطح پر خواتین کی خصوصی بھرتیوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔