میئر کراچی کے انتخابات: پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے کارکنوں میں تصادم

In Karachi and Hyderabad Jamat e Islami and PPP workers clash, City42
کیپشن: File Photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عاجز جمالی، علی حمزہ) کراچی میں میئر کے الیکشن کے موقع  پر آرٹس کونسل کے باہر پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے کارکنان آمنے سامنے آگئے۔

   پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے کارکنان  نے ایک دوسرے پر شدید پتھراؤ کیا جبکہ ڈنڈوں کا بھی آزادانہ استعمال کیا گیا، حالات کو کنٹرول کرنے کے لیے پولیس اور رینجرز  کی کوششیں جاری ہیں، پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج بھی کیا گیا ہے۔

 اس موقع پر آرٹس کونسل کے باہر کھڑی متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

 پتھراؤ کے بعد آرٹس کونسل کے باہر دونوں جماعتوں کے متعدد کارکنان زخمی ہو گئے، جبکہ کئی نیوز چینلز سے تعلق رکھنے والے صحافی بھی زخمی ہوئے۔

 پولیس اور رینجرز نے دونوں پارٹیوں کے کارکنوں کو الگ کر دیا جس کے بعد آرٹس کونسل کے باہر صورتِ حال معمول پر آ گئی اور مشتعل کارکنان منتشر ہو گئے۔

 پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری آرٹس کونسل کراچی کے باہر تعینات ہے، پولیس نے واٹر کینن اور قیدیوں کی 3 وینز بلا لیں۔

 اس سے قبل بھی آج صبح جماعتِ اسلامی کراچی اور پیپلز پارٹی کے کارکنان نے آرٹس کونسل کراچی کے سامنے شدید نعرے بازی کی۔

 دونوں جماعتوں کے کارکنان کی جانب سے شدید نعرے بازی سے صورتِ حال کشیدہ ہوئی۔

 اس موقع پر وہاں تعینات پولیس کی بھاری نفری نے دونوں جماعتوں کے کارکنان کو پیچھے دھکیل دیا تھا۔

 دوسری جانب حیدرآباد پریٹ آباد ٹاون میں چیئرمین و وائس چیئرمین کے الیکشن کے دوران بھی ایسی ہی صورتحال پیدا ہوگئی جب پاکستان پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے کارکنان میں ووٹنگ روم کے باہر جھگڑا ہوا اور کارکنان نے ایک دوسرے پر لاٹھیوں اور گھونسوں کی بارش کردی

 اس صورت حال میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما خاوند بخش جہیجو اور ٹاؤن امیدوار فرار ہوگئے۔