ویب ڈیسک : پیپلز پارٹی کے چیئرمین و سابق وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ افغانستان میں چھوڑا گیا امریکی اسلحہ صرف خیبر پختونخوا تک نہیں بلکہ سندھ کے کچے کے علاقے تک بھی پہنچ چکا ہے، پیپلز پارٹی نے پوری قوم کو دہشت گردوں کیخلاف اکٹھا کیا ہے، دہشت گرد دوبارہ سر اٹھا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری سکھر میں قتل ہونے والے صحافی جان محمد مہر کے گھر ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کرنے پہنچ گئے،اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امریکی اسلحہ دہشت گردوں کے پاس پہنچ چکا ہے جبکہ یہ امریکی اسلحہ صرف خیبر پختون خوا تک نہیں ہمارے کچے کے علاقے تک بھی پہنچ گیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جان محمد مہر کے اہلخانہ سے تعزیت کیلئے آیا ہوں، ان کے قتل پر جےآئی ٹی بنائی گئی ہے، پیپلز پارٹی کا شروع سے مؤقف رہا ہے کہ دہشت گردوں کا مقابلہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے سونامی اور بے روزگاری کی وجہ سے بھی جرائم بڑھ رہے ہیں، جب افغان حکومت بن رہی تھی تو دہشت گرد افغان جیلوں سے فرار ہو کر یہاں آئے، چیئرمین پی ٹی آئی کے دور میں ان دہشت گردوں کو دوبارہ آباد کرنے کا منصوبہ بنایا گیا، کیا جنرل فیض اور چیئرمین پی ٹی آئی کو اندازہ نہیں تھا کہ جن دہشت گردوں کو آباد کیا جائے گا ان کو کراچی پہنچنے میں کتنا عرصہ لگے گا؟ سابق وزیرِ خارجہ نے مزید کہا ہے کہ ان دہشت گردوں کے واپس آنے کی کہانی کھلنی چاہیے، کراچی میں کسی اور صوبے سے افسر تعینات کئے گئے ہیں۔