ویب ڈیسک: قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ہم سے غلطیاں ہوئیں، ہم ملتان ٹیسٹ جیت سکتے تھے۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا ہم نے پہلی اننگز میں اچھی بیٹنگ نہیں کی اور چند کھلاڑیوں نے اپنی وکٹیں گنوائیں لیکن دوسری اننگزمیں ہم نے بولنگ میں اچھی فائٹ کی لیکن بدقسمتی سے اچھا فنش نہیں کر سکے۔
بابر اعظم کا کہنا تھا دوسری اننگز میں بیٹرز نے بھی اچھا مقابلہ کیا، امام اور سعود شکیل اور پھر سعود اور نواز کے درمیان اچھی شراکت قائم ہوئیں، ٹیل اینڈرز نے بھی اچھا مقابلہ کیا لیکن فنش نہ کر سکے۔ان کا کہنا تھا کہ سعود شکیل کا آؤٹ ہمیں مہنگا پڑ گیا، ہمیں لگا کہ بال زمین کے ساتھ ٹچ ہوا ہے لیکن امپائر کے فیصلے کو ماننا پڑتا ہے اور امپائر کا فیصلہ آخری فیصلہ ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا ہم سے ٹیسٹ میچ میں غلطیاں ہوئی ہیں، ہم جیت سکتے تھے، ہم آسٹریلیا کے خلاف اور اب پھر اچھا فنش نہیں کر پائے، ہمیں اچھا فنش کرنا چاہیے تھا۔
ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے ابرار احمد کے حوالے سے بابر اعظم کا کہنا تھا اس کا بہت ہی شاندار آغاز ہوا ہے، ابرار نے کنڈیشنز سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بہت اچھی بولنگ کی، اس کے لیے یہ ٹیسٹ ابرار کے لیے یادگار رہے گا۔قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کراچی ٹیسٹ میں اچھا کرنے کی کوشش کریں گے اور کوشش کریں گے کہ جو غلطیاں اس ٹیسٹ میں ہوئیں انہیں نہ دھرایا جائے۔یاد رہے کہ ملتان ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 26 رنز سے شکست دیکر 3 میچوں کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔