( سعید احمد سعید) ڈپٹی کلیکٹر کسٹمز ثاقب وڑائچ کی لاہور ائیرپورٹ پر بڑی کارروائی، بیرون ملک سے پاکستان قیمتی موبائل فونز کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی جبکہ لاہور سے جانیوالے 50 کلو فیس ماسک اور 27 پیکٹ سگریٹس بھی پکڑ لئے ۔
لاہور ائیرپورٹ پر کسٹمزحکام کی تین مختلف کارروائیاں، برطانیہ سے آنیوالے مسافر سے 23 موبائل فون برآمد کرلئے، لاہور کا شہری محمد ندیم ایمریٹس کی پرواز ای کے 622 سے دبئی سے لاہور آیا۔ائیرپورٹ پر مشکوک ہونے کے باعث کسٹم حکام نے مسافر کو کاؤنٹر پر روکا۔دوران تلاشی مسافر کے بیگ سے 23 آئی فونز برآمد کر لیے۔مسافر نے موبائل فونز ہینڈ کیری بیگ میں چھپائے ہوئے تھے۔ پکڑے گئے موبائل فونز کی مالیت 23 لاکھ روپے ہے۔
کسٹم حکام نے موبائل فونز قبضے میں لیکر مزید تفتیش شروع کردی، ایمریٹس کی پرواز ای کے 623 سے دبئی جانیوالے مسافر رضوان افضل کے سامان سے 50کلو فیس ماسک برآمد کر لیے، جبکہ تیسری کارروائی کے دوران ایمریٹس کی پرواز سے دبئی جانیوالے مسافر کے سامان سے 27بنڈل سگریٹ برآمد کر لیے۔کسٹم حکام نے شاندار کارروائی پر ڈپٹی کلیکٹر کسٹم ائیرپورٹ ثاقب وڑائچ، اہلکار سپاہی وحید سمیت عملے کو شاباش دی۔