پیرا گون سٹی کیس، قیصر امین بٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری

 پیرا گون سٹی کیس، قیصر امین بٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(شاہین عتیق) احتساب عدالت کے جج جوادالحسن نے پیرا گون سٹی ریفرنس میں وعدہ معاف گواہ( ن) لیگ کے سابق ایم پی اے قیصر امین بٹ کے پیش نہ ہونے پر ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

احتساب عدالت میں پیرا گون سٹی کیس کی سماعت ہوئی، (ن) لیگی رہنما خواجہ سلمان رفیق کو  جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر سخت سکیورٹی میں عدالت پیش کیا گیا عدالت نے استفسار کیا سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کہاں ہے، جس پر جیل حکام نے جواب دیا کہ خواجہ سعد رفیق اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے اجلاس میں ہیں۔

عدالت نے وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ کو طلب کیا لیکن وہ پیش نہ ہوئے، نیب پرا سیکیوٹر نے آگاہ کیا کہ وہ بیمار ہے، ان کی حاضری معاف کی جائے، عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے قیصر امین بٹ کے وارنٹ جاری کردیئے۔

احتساب عدالت میں خواجہ سلمان رفیق سے (ن) لیگی رہنما حافظ نعمان اور رانا مشہود ایڈووکیٹ نے ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا، رانا مشہود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت پر تنقید کی، ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی سے عوام مر رہے ہیں لیکن حکومت کچھ نہیں کرپا رہی۔

احتساب عدالت میں پیراگون سٹی میں اراضی خرید وفرخت کرنے پر لگے حکم امتناعی کو ختم کرنے کی درخواست پر نیب کے جواب پر عدالت نے وکلاء کو بحث کے لیے 24 فروری کو طلب کر لیا۔

واضح رہے کہ 11 دسمبر 2018 کو نیب حکام نے خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ سعد رفیق کی پیراگون ہاؤسنگ کیس میں درخواست ضمانت منسوخ ہونے پر احاطہ عدالت سے حراست میں لے لیا تھا، دو نوں رہنما3 فروری سے کیمپ جیل میں ہیں، یکم اکتوبر 2018کو نیب نے سابق وفاقی وزیر سعد رفیق کے پارٹنر اور (ن) لیگ کے سابق ایم پی اے قیصر امین بٹ کو  گرفتار کیا تھا،26 نومبر کو قیصر امین بٹ وعدہ معاف گواہ بن گئے ، انہوں نے مجسٹریٹ کے سامنے اپنے بیان حلفی میں کہاتھا کہ میں جو کہوں گا سچ کہوں گا، 1998ء میں پراپرٹی کا کام شروع کیا، 2002ء میں خواجہ سعد رفیق نے ندیم ضیا نامی شخص سے ملوایا اور کہا کہ یہ آپ کے ساتھ کام کرےگا۔

قیصر امین بٹ نے اپنے بیان حلفی میں کہا کہ 2006ء میں میرا 50 فیصد پر کاروبار شروع ہو گیا تھا جبکہ بعد ازاں ندیم ضیا 92 فیصد کاروبار کا شیئر ہولڈ ہو گیا۔لاہور ہائیکورٹ نے 3 جنوری 2019 کو قیصر امین بٹ کو ضمانت پر رہا کردیا تھا۔

جوڈیشل کمپلیکس کے باہر لیگی رہنما رانا مشہود احمد خان نےحکومت کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا،کہتےہیں کہ حکومت کوعوامی مسائل کا کوئی ادراک نہیں ان کا مسئلہ صرف اپنی حکومت بچانا ہے،یہ سال حکومت کے جانے اور مڈ ٹرم انتخابات کا سال ہے،مسلم لیگ (ن) صرف اور صرف عوام کی خوشحالی چاہتی ہے،

Sughra Afzal

Content Writer