ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

موبائل کمپنیوں کی 5 جی میں عدم دلچسپی کی کیا وجوہات ہیں؟

5G technology in Pakistan
کیپشن: 5G technology
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: جیسے ہی حکومت کی جانب سے فائیو جی کی تیز ترین انٹرنیٹ سروس کو شروع کرنے کی کوششیں تیز ہو رہی ہیں، ٹیلی کام کمپنیاں اس تبدیلی کی دوڑ میں شامل ہونے سے گریزاں ہیں۔

بدھ کو حکومت نے ملک بھر میں 5G ٹیلی کام خدمات کی نیلامی کے لیے ایک مشاورتی کمیٹی تشکیل دی۔اعلیٰ سطحی کمیٹی 13 ارکان پر مشتمل ہوگی جس میں وزیر خزانہ شوکت ترین کی سربراہی میں وزیر آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز اور وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار شامل ہیں۔

میڈیا کے ساتھ شیئر کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق، دیگر اراکین میں مشیر تجارت اور سرمایہ کاری، سیکرٹری خزانہ، آئی ٹی اور قانون، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین، فریکوئنسی ایلوکیشن بورڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور اہم اداروں کے حکام شامل ہیں۔

ٹیلی کام آپریٹرز کی ناراضگی نیلامی کے عمل میں محدود شرکت کا اشارہ دیتی ہے۔ اس سلسلے میں پی ٹی اے نیلامی کے عمل کی تفصیلات پر کام کرنے کے لیے ایک کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرے گا۔ تاہم اس نیلامی پر نہ صرف ٹیلی کام آپریٹرز بلکہ وزارتوں کے درمیان بھی اختلاف ہے۔

وزارت قانون کے ذرائع نے بتایا کہ آئی ٹی اور ٹیلی کام کی وزارت نے 5 جی ٹیکنالوجی کے سپیکٹرم کو کم قیمت  پر لانچ کرنے خیال کی حمایت کی، جب کہ وزارت خزانہ اس خیال کی حمایت کرتی ہے کہ  ٹیلی کمیونکیشن کمپنوں کے  درمیان زیادہ قیمت حاصل کرنے کے لیے نیلامی کی جائے۔

فائیو جی ٹیکنالوجی سے مراد پانچویں جدید ترین سطح کی ٹیکنالوجی ہے جو انٹرنیٹ کی دنیا کو مکمل بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس سے قبل تیسری جنریشن (تھری جی) اور چوتھی جنریشن (فور جی) کے تیز انٹرنیٹ نے دنیا بھر میں ویڈیو کالز، ویڈیو سٹریمنگ، فیس بک لائیو وغیرہ کو ممکن بنایا تھا اور دنیا کو ایک دوسرے سے قریب کردیا تھا۔

اس سے پہلے کہ ہم سب اسے استعمال کرسکیں، وائرلیس کمپنیوں اور فون بنانے والوں کو اپ گریڈ کرنا ہوگا۔ نئے نیٹ ورک کے ساتھ کام کرنے کے لیے فونز کو نئی چپس اور ریڈیو اینٹینا کی ضرورت ہوتی ہے۔

وزارت قانون کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ "تمام رسمی کارروائیوں کے مکمل ہونے کے بعد، ٹیلی کام بولی لگانے کے عمل سے دور رہتے ہیں، جس کا مشاہدہ پچھلی سپیکٹرم نیلامی میں ہوا تھا۔"

تاہم، ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے، آئی ٹی کے وزیر امین الحق نے کہا کہ گزشتہ سپیکٹرم نیلامی کے تجربے سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹیلی کام کمپنیوں  کے ساتھ مسلسل رابطے کی ضرورت ہے، ہم تمام آپشنز کو کھلا رکھنا چاہتے ہیں اور  5G لائسنس کے قوانین کوآسان بنائیں گے  کیونکہ 5G کے آغاز سے ملک کی معیشت اور اس کے لوگوں کو فائدہ ہوگا، اور ٹیلی کام کمپنیاں بھی ٹیکنالوجی کے نئے جہاں میں داخل ہوں گی۔

دوسری جانب، ٹیلی کام آپریٹرز نے لائسنس کی خریداری میں بھاری سرمایہ کاری کے بعد نئی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کی زیادہ لاگت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ جاز پاکستان کے سی ای او عامر ابراہیم نے کہا کہ 5G کو سرمایہ کاری کی حکمت عملی، سپیکٹرم پالیسی اور تعیناتی دونوں میں بنیادی تبدیلیوں کی ضرورت ہے نیز سرمایہ کاری کے اخراجات کے ساتھ بہت زیادہ پیشگی سرمایہ کاری کی لاگت کی ضرورت ہے۔جیسا کہ زمینیں، عمارتیں، گاڑیاں، پودے، سامان، ٹیکنالوجی، وغیرہ۔

عامر ابراہیم نےعندیہ دیا کہ 5G شروع کرنا ایک فضول خیال ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تیز تر انٹرنیٹ کی مانگ تھی تو ہم 4G کو مزید مضبوط انفراسٹرکچر کے ذریعے فراہم کر سکتے ہیں۔

اسی طرح ایک اور ٹیلی کام کمپنی کے سینئر ایگزیکٹیو نے کہا کہ حکومت پاکستان نے موبائل صارفین پر نئے ٹیکس متعارف کرائے ہیں جس سے ان کے انٹرنیٹ اور کال پیکجز  کا  استعمال  کم ہوگیا ہے۔ ایک دہائی پہلے فی یونٹ اوسط آمدنی تقریباً 8 ڈالر تھی جو اب کم ہو کر 1.50 ڈالر رہ گئی ہے۔

Malik Sultan Awan

Content Writer