لاہور کے باسیوں کیلئے بڑی خوشخبری

لاہور کے باسیوں کیلئے بڑی خوشخبری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

فورٹ روڈ (عثمان علیم) شہر لاہور کے باسیوں کیلئے بڑی خوشخبری، فن تعمیر کی شاہکار مغلیہ عمارات کے درمیان واقع شاہی قلعہ میں موجود شاہی کچن کو ریسٹورنٹ میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا،جہاں کبھی بادشاہوں کا کھانا بنتا تھا، اب وہ جگہ عام شہریوں کی پہنچ میں ہوگی۔

 والڈ سٹی اتھارٹی نے شاہی قلعہ میں موجود شاہی کچن کو ریسٹورنٹ میں تبدیل کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں، صفائی ستھرائی کا عمل مکمل کر کے شاہی کچن کو بحال کر دیا گیا، شہری شاہی کچن میں بننے والے ریسٹورنٹ میں نہ صرف عمدہ اور لذیز کھانوں سے محظوظ ہو ں گے بلکہ اطراف میں موجود بادشاہی مسجد، مینار پاکستان اور گردوارے کی تاریخی عمارات کا نظارہ بھی بخوبی کر سکیں گے۔

 شہریوں نے والڈ سٹی اتھارٹی کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ شاہی قلعے میں اگر بہترین ریسٹورنٹ کی سہولت بھی میسر آجائے تو سونے پر سہاگہ ہوگا۔ ذرائع کے مطابق 2017 میں شاہی قلعہ میں ریسٹورنٹ بنانے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کی گئی تھی، اس کا فیصلہ والڈ سٹی اتھارٹی کے حق میں آنے کے بعد شاہی کچن کو ریسٹورنٹ میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔

یادرہے کہ قلعہ لاہور جسے شاہی قلعہ بھی کہا جاتا ہے، لاہور کی شاندار عمارتوں میں سے ایک ہے، اس کی ازسرِنو تعمیر مغل بادشاہ اکبر اعظم (1556ء تا 1605ء) نے کروائی، قلعے کے اندر واقع چند مشہور مقامات میں شیش محل، عالمگیری دروازہ، نولکھا محل اور موتی مسجد شامل ہیں، شاہی قلعہ 1100 فٹ طویل جبکہ 1115 فٹ وسیع ہے، قلعہ لاہور دیکھنے کیلئے ہر روز ہزاروں لوگ آتے ہیں۔

Sughra Afzal

Content Writer