نگران حکومت کی قلیل مدت کے باوجود ہمیں معاشی بحالی کے منصوبے پر عملدآمد یقینی بنانا ہے، وزیرِ اعظم

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرِ صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا پانچواں اجلاس ہوا۔ 

ملک کی معاشی بحالی، کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا پانچواں اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا.اجلاس میں آرمی چیف، عبوری وفاقی کابینہ، صوبائی وزراء اعلی اور متعلقہ اعلی سول و عسکری حکام نے شرکت کی. 

اجلاس میں وفاقی وزراء کی متعلقہ شعبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو ملک میں مقامی و بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹوں کے سدباب کیلئے لائحہ عمل سے آگاہ کیا گیا.اجلاس میں معاشی و انتظامی چیلینجز سے نبرد آزما ہونے اور ملکی معیشت کی ترقی کیلئے روڈ میپ وضع کیا گیا. اجلاس کو ریگیولیشن کو مؤثر اور تیز بنانے کے جامع پلان پر بھی بریفنگ دی گئی.

اجلاس میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے قلیل، وسط اور طویل مدتی منصوبہ بندی پر مشاورت ہوئی، وزیرِ اعظم نے اس حوالے سے عملی اقدامات کی منظوری دی اور ہدایت کی کہ ان پر عملدرآمد معینہ مدت میں یقینی بنایا جائے.

 وزیرِ اعظم نے کہا کہ وزراء ان اقدامات پر عمل یقینی بنائیں، نگران حکومت کی قلیل مدت کے باوجود ہمیں معاشی بحالی کے منصوبے پر عملدآمد یقینی بنانا ہے۔ ان اقدامات کے نفاذ سے آئندہ منتخب حکومت کو بھی ملکی معیشت کی بحالی کے پروگرام پر عملدرآمد میں آسانی ہوگی۔