سٹی42: پاکستان اسٹاک ایکسچنج میں حصص کی قیمت میں اضافہ کی نئی تاریخ رقم ہو گئی۔
جمعہ 8 دسمبر کا دن پاکستان اسٹاک ایکسچنج میں مبارک ثابت ہوا، ایک ہی روز میں حصص کی مجموعی ویلیو اربوں روپے بڑھ گئی اور ہنڈرڈ انڈیکس میں پندرہ سو پوائنٹس کا اضافہ ہو گیا۔ جمعہ کے روز ہنڈرڈ انڈیکس نے پہلے 65000 کی نفسیاتی حد عبور کی پھر 66000 کی نفسیاتی حد بھی روند ڈالی۔
جمعہ کے روز ہفتہ کے آخری دن سٹاک مارکیٹ میں بزنس کا آغاز غیر معمولی بلش رجحان سے ہوا،
صبح 9 بجے ہنڈرڈ انڈیکس 64 718 پوائنٹس پر تھا۔ کاروبار کے آغاز میں ہی کئی کمپنیوں کے شئیرز کی قیمتیں بڑھنے لگیں اور انڈیکس 337 پوائنٹس اضافہ کے ساتھ 65055 پوائنٹس ہو گیا۔ بعد ازاں یہ بڑھ کر صبح 11 بجے تک 65905 تک پہنچ گیا۔ سوا گیارہ بجے معمولی کمی کے بعد انڈیکس میں پھر بڑھوتری شروع ہوئی اور پونے بارہ بجے انڈیکس 66 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا۔ دوپہر ڈھائی بجے ہنڈرڈ انڈیکس 66273 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، بعد ازاں اس میں معمولی کمی آئی اور سہ پہر 3 بجے انڈیکس 65763 پوانٹس تک گر گیا۔ کچھ ہی دیر بعد نئی خریداری آنے سے انڈیکس مین دوبارہ اضافہ شروع ہوا اور یہ بْڑھ کر شام سوا چار بجے 66257 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ مارکیٹ بند ہوئی تو 100 انڈیکس 66 ہزار 223 کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوا ۔
جمعہ کے روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 33 ارب روپے سے زائد مالیت کے 1 ارب 32 کروڑ شئیرز کا کاروبار ہوا.